عسکریت پسند لاک اپ میں مردہ پایا گیا تین پولیس اہلکار معطل

   

امپھال۔29جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) تین پولیس اہلکار بشمول ایک سب انسپکٹر کو اُس وقت ڈیوٹی سے معطل کردیا گیا جب ایک دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے والی عسکریت پسند منی پور کے ایک لاک اپ میں مردہ پایا گیا ۔ ایک سینئر پولیس آفیسر نے یہ بات بتائی ۔ اس واقعہ کے عام ہوتے ہی چہارشنبہ کو ایک ہجوم نے کانگیو کی پولیس اسٹیشن پر ہلہ بولتے ہوئے وہاں موجود فرنیچر کو توڑ پھوڑ دیا اور کمپیوٹرس کو بھی نقصان پہنچاتے ہوئے کھڑکیوں کے تمام شیشے چکناچور کردیئے ، کوکی ریولیوشنری آرمی (KRA)سے تعلق رکھنے والے تھنگبور ہوم کی پولیس لاک اپ میں ہوئی موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے علاقہ میں پھیل گئی اور ایک ہجوم وہاں جمع ہوگیا ۔ اس سلسلہ میں دو کانسٹبلس اور ایک سب انسپکٹر کو معطل کردیا گیا ہے ۔