نیویارک: اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوٹیرس نے خبردار کیا ہے کہ کووڈ انیس کی عالمگیر وبا عسکریت پسند گروپوں القاعدہ اور داعش کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ گوٹیرش نے جنیوا میں پیر کے روز مزید کہا کہ اس دوران نیو نازی اور سفید فام نسل کی برتری کے پیروکار بھی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ گوٹیرش کے مطابق دہشت گرد گروہوں پر کورونا وائرس کے اثرات کا اندازہ لگانا قبل از وقت ہوگا لیکن اس وبائی صورتحال میں یہ شدت پسند گروہ مقامی تنازعات، حکومتوں کی ناکامی کو اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ جنرل سیکرٹری نے یہ بیان شام اور عراق میں داعش کے خلاف اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے مشن کے افتتاح کے موقع پر دیا۔