محبوب نگر میں آزاد امیدوار ایم ایل سی پروفیسر انور خاں کی پریس کانفرنس
محبوب نگر۔ موجودہ حالات میں ایک گریجویٹ کا ووٹ کافی اہمیت کاحامل ہے لہذا گریجویٹس اپنے ووٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھ کر استعمال کریں۔ یہ مشورہ پروفیسر انور خان آزاد امیدوار ایم ایل سی(گریجویٹس ) برائے محبوب نگر ، حیدرآباد، رنگاریڈی نے جمعرات کے دن مستقر محبوب نگر پر ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گریجویٹس اپنے نمائندے کی اہمیت کو بھی سمجھیں۔ ایک گریجویٹ دیگر بیروزگار نوجوانوں کی آواز، ان کی بنیادی ضروریات، ان کو درپیش مسائل و مطالبات کو پرزور انداز میںحکومت کے سامنے رکھے۔ ماضی کا جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ گریجویٹس کا جو بھی ایم ایل سی منتخب ہوتا ہے وہ 6سال میں نہ ان کے مسائل پرغور وفکر کرتا ہے اور نہ ہی ان سے ملاقات کرتا ہے۔ انہوں نے تمام گریجویٹس سے اپیل کی کہ وہ رائے دہی کے تناسب میں خاطر خواہ اضافہ کریں کیونکہ گذشتہ مرتبہ صرف 40 فیصد رائے دہی ہوئی تھی۔ انہوں نے ایم ایل سی کی نمائندگی کے وسیع احاطہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک گریجویٹ ایم ایل سی 60 ایم ایل ایز اور 6 ایم پیز کے حلقہ انتخاب کی نمائندگی کرتا ہے اس سے اس عہدے کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اب ووٹر پر یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی نمائندگی کیلئے کیسے شخص کو ایوان میں روانہ کرتے ہیں۔ پروفیسر انور خان نے بتایا کہ کئی ایک تنظیمیں اور جماعتیں ان کی تائید میں ہیں اور وہ پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیالٹ پیپر پر ان کا نمبر 16 ہے۔ انہوں نے گریجویٹس سے پرزور اپیل کی کہ وہ 14 مارچ کو بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں اور اپنے ووٹ کا بہر حال استعمال کریں۔
