حیدرآباد : شہر حیدرآباد کے سعیدآباد علاقہ کی سنگارینی کالونی میں 6سالہ لڑکی کی عصمت دری اور قتل کے ملزم کی تلاش کے سلسلہ میں تلنگانہ پولیس پڑوسی ریاستوں کی پولیس کے ساتھ تال میل کررہی ہے ۔ملزم راجو کو پکڑنے کیلئے پولیس کی دس ٹیمیں سرگرم ہوگئی ہیں جو جمعرات کو ہوئی اس واردات کے بعد سے فرارہے ۔راجو نے اس معصوم کا اغواکرنے کے بعد اپنے مکان میں لے جاکر اس کی عصمت دری کی اور بعد ازاں اس کا قتل کردیا۔پولیس نے رات میں اس کے مکان میں معصوم کی لاش برآمد کی۔اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی افراد نے پولیس ملازمین پر سنگباری کرنے کے ساتھ ساتھ مرچ کا پاوڈر پھینکا۔پولیس نے راجو کو گرفتار کرنے کے لئے ریاست کے کئی مقامات پر چھاپے مارے تاہم اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ راجو ہنوز فرارہے ۔پولیس کے سینئر عہدیدار اس معاملہ کی نگرانی کررہے ہیں۔