عصمت ریزی مقدمہ ‘ سابق ایم پی پراجول ریونا ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

   

نئی دہلی : عصمت ریزی کے دو مقدمات میں کرناٹک ہائیکورٹ سے ضمانت نہ ملنے کے بعد سابق ایم پی پراجول ریونا نے سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت داخل کی ہے۔ سپریم کورٹ میں اس پر پیر کو سماعت ہوگی ۔ 21 اکٹوبر کو ہائیکورٹ نے ریونا کو ضمانت دینے سے انکار کردیا تھا ۔ ریونا سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے اور مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی کے بھتیجے ہیں۔ ریونا پر عصمت ریزی کے دو اور جنسی ہراسانی کی ویڈیو بنانے کے ایک مقدمہ کے علاوہ ایک اور عصمت ریزی کا مقدمہ بھی زیر دوران ہے ۔ اپریل میں کئی خواتین نے شکایت درج کروائی تھی کہ اس وقت کے ایم پی نے ان کو جنسی تسکین کیلئے مجبور کیا تھا اور ان کی فلمبندی کی گئی تھی ۔ ریونا کی نمائندگی کرنے والے وکلاء نے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے اور پیر کو اس کی سماعت ہوگی ۔ پراجول ریونا کے خواتین کے جنسی استحصال کے کئی ویڈیوز 23 اپریل کو منظر عام پر آنے شروع ہوگئے تھے جبکہ 26 اپریل کو ہاسن لوک سبھا حلقہ میں رائے دہی ہونے والی تھی ۔ اس حلقہ سے جنتادل ایس کے امیدوار کے طور پر ریونا مقابلہ میں تھے ۔ وہ 27 اپریل کو جرمنی فرار ہوگئے تھے ۔ بعد ازاں وہ 31 مئی کو بنگلورو واپس ہوئے تھے اور انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ وہ ہاسن لوک سبھا حلقہ سے انتخاب میں بھی شکست کھا گئے ۔