عصمت ریزی و قتل کے ملزم کو سزائے موت

,

   

ایل بی نگر کی عدالت کا تاریخی فیصلہ، سائبرآباد پولیس کمشنر کا اظہار مسرت

حیدرآباد : ایل بی نگر کی عدالت نے عصمت ریزی اور قتل کے معاملہ میں آج تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے خاطی کو سزائے موت کا حقدار قرار دیا ہے۔ نارسنگی پولیس سائبرآباد کے ایک مقدمہ میں عدالت نے فیصلہ سنایا۔ 5 سالہ کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کیس میں ملوث 23 سالہ دنیش کمار دھار کو جسٹس سریش بابو نے موت کی سزا سنائی ہے۔ ڈسمبر 2017 ء میں نارسنگی کے ایک لیبر کیمپ میں یہ سنسنی خیز واقعہ پیش آیا تھا۔ الکاپوری ٹاؤن شپ کے لیبر کیمپ میں دنیش کمار بھی مزدوری کرتا تھا اور اسی کیمپ میں 5 سالہ لڑکی اپنے والدین کے ہمراہ رہتی تھی۔ چاکلیٹ دلانے کے بہانے جھاڑیوں میں لیجاکر اس درندہ صفت نے اس کی عصمت ریزی کی اور قتل کردیا تھا۔ نارسنگی پولیس نے اس وقت فوری حرکت میں آتے ہوئے دنیش کمار کو گرفتار کرلیا تھا۔ تاہم جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد وہ فرار ہوگیا تھا۔ خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی اور عدالت میں چارج شیٹ داخل کردی گئی۔ عدالت نے آج اپنا فیصلہ سنایا۔ عدالت کے فیصلہ پر سائبرآباد پولیس کمشنر نے مسرت کا اظہار کیا اور ملزم کو سزا دلانے میں دلچسپی سے اقدامات اور خدمات انجام دینے والے پولیس عہدیداروں کی ستائش کی۔