وزیراعظم نریندر مودی کو دہلی خواتین کمیشن کی صدر سواتی مالیوال کا مکتوب
نئی دہلی3دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی خواتین کمیشن کی صدر سواتی مالیوال نے خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم سے آگاہ کرانے اور آبروریزی کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے ۔مالیوال نے وزیر اعظم کو خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کی اطلاع دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم عروج پر ہیں۔ حیدرآباد کی ڈاکٹر کے ساتھ درندوں نے نہ صرف اجتماعی آبروریزی کی بلکہ انہیں زندہ جلا دیا۔ ایک معصوم چھ سالہ اسکولی طالبہ کے ساتھ راجستھان میں ایک وحشی نے اتنی بربریت سے عصمت دری کی کہ اس کی آنکھیں تک باہر نکل آئیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں بیٹیاں ایسے ہی سنگین جرائم کا شکار ہو رہی ہیں۔ یہ بیٹیاں اب ہمارے درمیان نہیں ہیں، لیکن ان کی چیخیں ہمیں سکون سے بیٹھنے نہیں دے رہی ہیں۔ ان معصوموں نے کتنے درد کا سامنا کیا ، یہ سوچ کر روح کانپ جاتی ہے ۔انہوں نے لکھا کہ ‘‘گزشتہ برس چھوٹے بچوں کی آبرو ریزی کرنے والوں کو چھ ماہ میں پھانسی کی سزا دینے کے مطالبے پر میں نے بھوک ہڑتال کی تھی۔ میری بھوک ہڑتال کے دسویں دن آپ نے ملک میں قانون بنایا کہ چھوٹے بچوں کی عصمت داری کرنے والوں کو چھ ماہ میں پھانسی کی سزا دی جائیگی۔ ساتھ ہی آپ نے یہ قانون بھی بنوایا تھا کہ عصمت دری کے مقدمات کی سماعت چھ ماہ میں مکمل ہوجائیگی۔ یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ تین ماہ میں پورے ملک کی پولیس کے وسائل میں اضافہ کردیا جائے گا، پولیس کی جوابدہی طے کی جائیگی اور فاسٹ ٹریک کورٹ کی تعداد بڑھا دی جائے گی لیکن اب تک ایسا نہیں ہوسکا ہے ۔