حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کی ایک عدالت نے عصمت ریزی کے ملزم کو 20 سال کی سزا سنائی۔ تقریباً 8 سال تک ساتھ زندگی بسر کرنے کے بعد شادی سے انکار اور دوسری لڑکی سے شادی کرنے والے شخص کے خلاف متاثرہ لڑکی نے شکایت درج کروائی تھی۔ 2017ء گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کے مقدمہ میں عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا اور ملزم 42 سالہ سواگت کمار بھوئی کو 20 سال قید کی سزا اور 5,100 روپئے جرمانہ عائدکیا۔ اس وقت کے انسپکٹر چندراکانت نے اس کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا اور رائے درگم پولیس کے اس وقت کے ڈی آئی وینکٹیشورلو جو فی الحال بحیثیت ایڈیشنل ڈی سی پی ٹریفک حیدرآباد خدمات انجام دے رہے ہیں نے تحقیقات کو انجام دیتے ہوئے تمام ثبوت اور گواہوں کے بیانات کو ریکارڈ کیا اور عدالت میں پیش کیا۔ سواگت کمار بھوئی اڈیشہ سے تعلق رکھتا ہے جو یہاں شہر میں بحیثیت سافٹ ویر انجینئر خدمات انجام دے رہا تھا۔ لڑکی اور ملزم کے درمیان 2009ء سے تعلقات تھے اور دونوں حیدرآباد کے علاوہ نوئیڈا اور چینائی میں بھی ایک ساتھ مقیم تھے اور بغیر شادی کے ایک ساتھ زندگی بسر کرچکے تھے۔ لڑکی ملزم سے شادی کا مطالبہ کررہی تھی اور سواگت پر مسلسل دباؤ بنارہی تھی لیکن ملزم ہمیشہ ہی ٹال مٹول کرتا گیا اور 2017ء میں اس نے اڈیشہ میں دوسری خاتون سے شادی کرلی اور متاثرہ لڑکی اور اس کے افراد خاندان کو دھمکیاں دے رہا تھا۔ اس بات سے پریشان لڑکی نے انصاف کے لئے گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کا رُخ کیا اور عدالت نے اس مقدمہ میں آج فیصلہ سنایا۔ع