عطاپور میں نوجوان کا بہیمانہ قتل

   

حیدرآباد /6 مارچ ( سیاست نیوز ) عطاپور کے علاقہ میں ایک نوجوان کا قتل کردیا گیا ۔ کل رات دیر گئے پیش آئی قتل کی اس سنگین واردات سے بارہ امام اور عطاپور علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس عطاپور نے اطلاع کے ساتھ ہی مقام کا معائنہ کیا اور ڈی سی پی راجندر نگر سرینواس بھی عطاپور پہونچ گئے ۔ مقتول کی شناخت 20 سالہ فہیم کی حیثیت سے کرلی گئی جو شاہین نگر بسم اللہ کالونی کا ساکن تھا ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس ذرائع نے بتایا کہ محمد فہیم پیشہ سے پینٹر تھا ۔ کل رات فہیم بارہ امام علاقہ پہونچا اور اپنے گھر میں تیار ہوکر گھر سے نکلا تھا ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فہیم کا گذشتہ چند سالوں سے اس کے رشتہ دار یاسین سے جھگڑا چل رہا تھا ۔ اور یاسین موقع کی تلاش میں تھا ۔ جس نے کل فہیم کا تعاقب کرتے ہوئے مہلک ہتھیاروں سے مبینہ طور پر اس پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا اور فہیم پر وزنی پتھر ڈال دیا ۔ عطاپور پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع
برقی شاک سے ایک شخص کی موت
حیدرآباد /6 مارچ ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ واحد کالونی میں پیش آئے برقی شاک کے واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ مادناپیٹ پولیس کے مطابق 27 سال سیامل کول جو سلطان پور ملاپور علاقہ میں رہتا تھا ۔ چھتیس گڑھ کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ سیامل کول ریڈی میکس گاڑی پر کام کرتا تھا ۔ آج ریڈی میکس گاڑی مادناپیٹ کے علاقہ واحد کالونی میں سلاب ڈالنے پہونچی اس دوران برقی شاک کی زد میں آکر سیامل کول فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع