عظیم الشان رام مندر کی تعمیر پریشد کے بنائے ماڈل کے مطابق ہو

   

توقع ہے کہ نیا ٹرسٹ مندر کے ماڈل کو ملحوظ رکھے گا، وشوا ہندو پریشد کے انٹرنیشنل صدر سدا شیو کوکجے کی میڈیا سے بات چیت

اندور ۔ 5 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اس دن سے جب مرکزی کابینہ نے ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرنے کو منظوری دی تھی ، وشوا ہندو پریشد کے بین الاقوامی صدر وشنو سدا شیو کوکجے نے یہ امیدیں ظاہر کی ہیں کہ عظیم الشان رام مندر کی تعمیر اسی نقشہ کے مطابق ہوگی جو اس سے قبل پریشد نے پیش کیا تھا تاکہ اسی ماڈل پر مندر کی تعمیر کا کام جلد سے جلد شروع کیا جاسکے ۔ گزشتہ سال نومبر میں سپریم کورٹ نے رام جنم بھومی ، بابری مسجد کے طویل ترین تنازعہ کو ختم کرتے ہوئے رام مندر تعمیر کرنے کی اجازت دی تھی اور اس کے بعد لوک سبھا میں وزیراعظم نریندر مودی سے شری رام جنم بھومی تیرتھا شیترا کے قیام کا اعلان بھی کیا تھا ۔ مسٹر کوکجے نے میڈیا سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جو نیا ٹرسٹ قائم کیا گیا ہے ، وہ رام جنم بھومی استھان پر ایک عظیم الشان رام مندر تعمیر کروائے گا اور یہ بھی قوی امید ہے کہ رام جنم بھومی نیاس نے اس سے قبل جو نقشہ یا ماڈل تیار کیا تھا اس نقشہ پر عمل آوری کرتے ہوئے بالکل ویسا ہی رام مندر تعمیر کیا جائے گا ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعدد ستون نقشہ کے مطابق ہی تیار کئے گئے ہیں جبکہ پتھروں کو تراشنے کا سلسلہ گزشتہ 30 سالوں سے جاری ہے ۔ مسٹر کوکجے نے مزید کہا کہ رام مندر کے لئے جو دیدہ زیب ماڈل تیار کیا گیاہے ، اس سے کروڑوں سادھو سنتوں اور ہندوؤں کے مذہبی جذبات وابستہ ہیں۔ رام مندر کا ماڈل اور نقشہ یوں تو کئی بار منظر عام پر آچکا ہے اور ہندو عوام کی اکثریت بھی اسی سے واقف ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جس ماڈل کو منظور کیا گیا ہے اس پر عمل آوری ہونی چاہئے ورنہ تعمیر کو لیکر ہندوؤں میں آپس میں کوئی نیا تنازعہ پیدا نہیں ہونا چاہئے ۔ یاد رہے کہ رام جنم بھومی نیاس کا قیام 18 ڈسمبر 1985 ء میں عمل میں آیا تھا جس کا مقصد ایودھیا میں رام جنم بھومی پر ایک عظیم الشان رام مندر تعمیر کرتا تھا جبکہ وی ایچ پی نے اپنے ورکشاپ میں 1990 ء سے رام مندر کے لئے درکار پتھروں کو تراشنا شروع کردیا تھا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جس وقت ٹرسٹ کے بارے میں اعلان کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت نے جو 67.70 ایکڑ اراضی ایودھیا ایکٹ کے تحت حاصل کی ہے، اسے ٹرسٹ کے حوالے کردیا جائے گا۔