عظیم شخصیات کی توہین کیخلاف ممبئی میں عظیم الشان احتجاجی ریالی

   

مہاراشٹر کے غداروں کو دفن کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے : ادھوٹھاکرے

ممبئی: عظیم شخصیات کی توہین اور سرحدی تنازعہ کے خلاف مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے ممبئی میں زبردست احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی میں کانگریس، این سی پی وشیوسینا کے علاوہ مہاوکاس اگھاڑی میں شامل دیگر پارٹیوں کے لیڈروں نے شرکت کی اور ریاست کی شندے فڈنویس حکومت کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا۔ جے جے اسپتال کے رچرڈسن اینڈکروڈاس سے ممبئی سی ایس ٹی تک نکالی گئی اس احتجاجی ریلی میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے اور ریاستی حکومت کے خلاف اپنے غم وغصے کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کہا کہ جب سے ریاست میں شندے فڈنویس حکومت آئی ہے سرحدی تنازعہ کا مسئلہ اٹھا کر سرحدی گاؤں کا پڑوسی ریاست میں جانے کا کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ عظیم شخصیات کی توہین، سرحدی تنازعات، مہنگائی اور بے روزگاری کا معاملہ بھی بہت اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی کا یہ عظیم الشان احتجاجی مورچہ ان تمام مسائل پر شنڈے فڈنویس حکومت کو الٹی میٹم دینے کے لئے منعقد کیا گیا ہے ۔ پٹولے نے کہا کہ جب سے آنجہانی یشونت راؤ چوان نے مہاراشٹر کا قیام کیا اس وقت سے مہاراشٹر کو متحد رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن اب ریاست میں شندے فڈنویس کی حکومت آنے کے بعد مہاراشٹر کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی سازش رچی جارہی ہے ، لیکن ہم بی جے پی کی اس سازش کوکبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔نانا پٹولے نے مزید کہا کہ مہاراشٹر کی عظیم شخصیات کی توہین کا کام راج بھون سے بھگت سنگھ کوشیاری سے شروع ہوا اور بعد میں بی جے پی لیڈروں نے اس کو آگے بڑھایا۔ لوگوں میں اس کے خلاف کافی غصہ ہے کہ بی جے پی لیڈر مسلسل عظیم شخصیات کی توہین کر رہے ہیں، لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے ۔ اعلی اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل نے کرم ویر بھاؤ راؤ پاٹل، ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر، مہاتما جیوتی با پھلے کے تعلیمی اداروں کے بھیک مانگنے کی بات کہہ کر عظیم شخصیات کی توہین کے سلسلے کو عروج پر پہنچا دیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے این سی پی کے صدر شرد پوار نے کہا کہ متحدہ مہاراشٹر کے مسئلہ پر ممبئی میں اس طرح کی ریلیاں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں، لیکن آج کی ریلی کافی بڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر ایک الگ ریاست بن گیا ہے لیکن کچھ گاؤں ابھی تک مہاراشٹر میں شامل نہیں کئے گئے ہیں اور اس کے لیے ابھی بھی جدوجہد جاری ہے ۔ پوار نے کہا کہ ہم سب آج کی ریلی میں مہاراشٹر کے وقار کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔