ممبئی : ہندوستانی موسیقی کے درخشاں ستارے محمد رفیع نے اپنی آواز سے دنیا بھر کو مسحور کیا۔ ان کی بے مثال گائیکی، عاجزی اور لازوال گانے ہمیشہ کے لیے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ محمد رفیع، جنہیں دنیا ’رفیع صاحب‘ کے نام سے یاد کرتی ہے، کا شمار ہندوستانی موسیقی کے ان گلوکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی دلکش آواز اور بے مثال فنی صلاحیتوں سے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر کے دل جیتے۔ محمد رفیع 24 دسمبر 1924 کو امرتسر، پنجاب کے ایک چھوٹے سے گاؤں کوٹلہ سلطان سنگھ میں پیدا ہوئے۔ ان کی پیدائش کے بعد ہی موسیقی کی دنیا ایک ایسے گوہر سے روشناس ہوئی جو آنے والے کئی دہوں تک موسیقی کے شائقین کو مسحور کرتا رہا۔ رفیع صاحب کا تعلق ایک متوسط مسلم گھرانے سے تھا۔ ان کو بچپن ہی میں موسیقی کا شوق پیدا ہوا۔ ان کے بڑے بھائی کی دکان کے قریب ایک فقیر اکثر گایا کرتا تھا اور رفیع اس کے گانے کو بڑے شوق سے سنا کرتے تھے۔