عقیدتمندوں پر ڈریس کوڈ نافذ نہیں:مندر کمیٹی

   

عثمان آباد: مہاراشٹرا کے مراٹھواڑہ علاقہ کے عثمان آباد ضلع میں تلجا پور کی ماں تلجا بھوانی مندر کمیٹی نے جمعہ کو واضح کیا کہ عقیدتمندوں کیلئے کسی ڈریس کوڈ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔مندر انتظامیہ نے کہا کہ انہوں نے مندر کے احاطہ میں ڈریس کوڈ کے حوالے سے کوئی بورڈ نہیں لگایا ہے اور نہ ہی انہوں نے مندر میں عقیدت مندوں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے ۔تلجا پور کے تحصیلدار سوداگر ٹنڈلے نے کہا کہ مندر کے احاطہ میں ڈریس کوڈ سے متعلق بورڈ لگانے والوں کی تلاش جاری ہے ۔ ضلع پونا کے رنجنگاؤں میں مہاگن پتی مندر میں عقیدتمندوں کیلئے ڈریس کوڈ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ دیوستھان ٹرسٹ نے مختصر لباس پہن کر مندر میں آنے والے عقیدتمندوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں کل ایک سرکلر جاری کیا گیا ۔