عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت ، ہر مسلمان کا فریضہ

   

سوریا پیٹ میں مسجد کی افتتاحی تقریب سے مولانا شاہ عالم کا خطاب ، ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کی شرکت

سوریاپیٹ:22/جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوریاپیٹ ضلع کے موضع تماپورم اروا پلی منڈل میں مفتی سید صدیق سیکریٹری مجلسِ تحفظِ ختم نبوت متحدہ ضلع نلگنڈہ کی نگرانی میں مجلسِ تحفظِ ختم نبوت کے زیر اہتمام جدید تعمیر شدہ مسجد خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ عظیم الشان افتتاحی جلسہ سے مہمان خصوصی مولانا شاہ عالم گورکھپوری نائب صدر کل ہند مجلسِ تحفظِ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند نے تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نئے نئے فتنے جنم لے رہے ہیں۔ علم دین سے نا واقف اور اہل علم سے دور افراد ان فتنوں کے جال میں آسانی سے پھنس رہے ہیں۔ مولانا شاہ عالم نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔ ہر جاننے والا اپنے تمام خاندان والوں اور متعلقین کو قادیانیت، شکیلیت، فیاضیت اور دیگر فتنوں سے سے با خبر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر علاقہ میں کوئی اجنبی اور نیا آدمی دین کے بارے میں گفتگو کرتا ہوا نظر آئے تو فوری علاقہ کے علمائسے رابطہ کریں۔ اس اجلاس میں وزیر برقی جگدیش ریڈی، اور رکن اسمبلی کشور کمار نے بھی شرکت کی۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے اپنے خطاب میں مسجد کی تعمیر مکمل ہونے پر تمام مسلمانوں بالخصوص گاؤں والوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ہی گنگا جمنا تہذیب تلنگانہ کی منفرد شناخت ہے۔ واضح رہے کہ مفتی سید صدیق کی قیادت میں مجلسِ تحفظِ ختم نبوت کی نمائندگی پر وزیر جگدیش ریڈی نے حکومت کی جانب سے مسجد کے لئے اراضی منظور کی۔ بعد ازاں دوران تعمیر مختلف رکاوٹوں کو جگدیش ریڈی نے دور کرتے ہوئے مسجد کی مکمل تعمیر کو یقینی بنایا۔ مولانا اطہر نے وزیر برقی جگدیش ریڈی اور رکن اسمبلی کشور کمار کا شکریہ ادا کیا۔