شاملی ، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مذہبی عقیدہ یا تابعداری کی خاطر دنیا میں لوگ کچھ بھی کرگزرتے ہیں اور اپنے عہدہ کی پرواہ نہیں کرتے۔ ہندوستان اس معاملے میں آگے ہے، جس کی مثال اترپردیش کے ضلع شاملی میں دیکھنے میں آئی، جہاں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اجئے کمار نے ایک میڈیکل کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد وہاں’ کنوریا‘ کے پیر کا مساج کیا۔ پھر محکمہ پولیس شاملی نے ہی اس کا ویڈیو کلپ ٹوئٹ کیا۔ یو پی اور اطراف کے علاقوں میں ہر سال دریا گنگا کے ’مقدس‘ پانی کے حصول کیلئے ’کنور یاترا‘ نکالی جاتی ہے جس میں بھگوان شیو کے بھکت بڑی تعداد میں حصہ لیتے ہیں۔ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے اس مرتبہ حکام کو محفوظ، کامیاب اور صاف ستھری کنور یاترا یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی۔
