کے آر سریش ریڈی کی راجیہ سبھا سے رخصتی کے موقع پر خطاب
نظام آباد 19 مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس کے پارلیمانی پارٹی لیڈر کے طور پر خدمات انجام دینے والے کے۔ آر۔ سریش ریڈی نے راجیہ سبھا سے رخصتی کے موقع پر جذباتی خطاب کرتے ہوئے ایوان کے اسپیکر، نائب صدور، پینل چیئرمینز، سیکریٹری اور عملے سے اظہار تشکر کیا ۔انہوں نے اپنے پارلیمانی سفر کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ 2020 میں آغاز ہونے والی اس مدت کے دوران کووڈ وبا جیسے سنگین حالات میں عوام کی جان و مال اور روزگار کے تحفظ سے متعلق اہم مباحث ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے گلوان واقعہ میں شہید ہونے والے فوجیوں کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے قائد کے سی آر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے لیے 14 برس تک جاری رہنے والی تحریک ایک تاریخی جدوجہد تھی، اور آئین کے آرٹیکل 3 کے تحت ریاست کی تشکیل عمل میں آئی۔سریش ریڈی نے کہا کہ علاقائی جماعتیں محض سیاسی ادارے نہیں بلکہ عوام کی امنگوں، ثقافت اور زبانوں کی حقیقی نمائندہ ہوتی ہیں۔ بی آر ایس کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ قومی مفادات اور ریاستی حقوق کے تحفظ کے لیے جہاں ضرورت ہو حکومت کی تائید اور جہاں لازم ہو مخالفت کرنا ان کا اصول رہا ہے۔