امریکہ کے سلامتی اور امن کے دعوے محض جھوٹ: مجتبیٰ خامنہ ای
نئی دہلی، 14 مارچ (یو این آئی) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے خطے کے تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے یہاں موجود امریکی فوجی اڈے جلد از جلد بند کر دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے یہ دعوے کہ وہ ان ممالک کو سلامتی اور امن فراہم کرتا ہے سراسر جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ میں علاقائی ممالک کے رہنماؤں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ ان (امریکی) اڈوں کو جلد از جلد بند کردیں کیونکہ اب تک انہیں یہ سمجھ آ جانا چاہیے کہ امریکہ کے سلامتی اور امن کے دعوے محض جھوٹ تھے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ امریکہ نے سعودی عرب کے ساتھ 8 جون 1974 کو ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت سعودی عرب نے اپنے زائد تیل آمدنی کو امریکی معیشت میں سرمایہ کاری کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس کے بدلے امریکہ نے سعودی عرب کو فوجی تحفظ، ہتھیار اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اسی مقصد کے تحت امریکہ نے خطے کے مختلف ممالک میں فوجی اڈے قائم کیے ۔ 7 مارچ کو مسعود پزشکیان جو ایران کے صدر ہیں نے ان ممالک سے ایران کی جانب سے وہاں موجود امریکی تنصیبات پر کیے گئے فضائی اور ڈرون حملوں پر معذرت بھی کی تھی۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اتحاد اور گرمجوشی پر مبنی باہمی تعلقات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ۔ ان کے مطابق اگر خطے میں امریکی اڈے بند ہو جائیں تو ان ممالک کی حکومتیں اپنے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کر سکیں گی کیونکہ عوام عموماً ان اڈوں سے جڑی توہین آمیز صورت حال سے ناخوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے واضح کردیا تھا کہ اس نے ان علاقائی ممالک کے خلاف کوئی جارحانہ اقدام نہیں کیا بلکہ صرف ان کے اندر موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو ایران کو اپنا یہ راستہ جاری رکھنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔