علاقائی پارٹیاں ، قومی مسائل حل کرنے کی متحمل نہیں

   

کانگریس دور اقتدار میں اقلیتوں کے جان و مال کا ہمیشہ تحفظ : ڈاکٹر گیتا ریڈی

ظہیر آباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : سابق رکن اسمبلی ظہیر آباد ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے یہاں اپنی مقامی قیام گاہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ادعا کیا کہ علاقائی پارٹیاں ، قومی مسائل حل کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتیں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ قومی جماعتوں کو ترجیح دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے جب کہ ایک کا نصب العین سیکولرازم ہے تو دوسرے کا فرقہ پرستی ہے ۔ انہوں نے پر زور الفاظ میں کہا کہ ملک اب اس کے شہریوں میں نفاق پیدا کرنے والی جماعت بی جے پی کو دوبارہ اقتدار حوالے کرنے کی غلطی کرنے کے موڈ میں نہیں ہے ۔ ملک کے کونے کونے میں عوام نے بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی ٹھان لی ہے ۔ انہوں نے اقلیتوں کو یاد دلایا کہ بی جے پی کی زیر قیادت حکومت میں اقلیتوں کا کس طرح عرصہ حیات تنگ کیا گیا اور کس طرح ان کے مذہبی معاملات میں بھی مداخلت کی گئی جب کہ ملک پر طویل حکمرانی اور 130 سال کی تاریخ رکھنے والی کانگریس نے اپنے دور اقتدار میں کبھی اقلیتوں کی جان و مال پر حملہ نہیں کیا بلکہ ان کا ہمیشہ تحفظ ہی کیا ۔ انہوں نے ریاست کی برسر اقتدار علاقائی جماعت ٹی آر ایس کے سربراہ و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل ٹی آر ایس نے اقتدار ملنے کی صورت میں سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی حد عمر میں دو سال کا اضافہ کرنے ، وظیفہ پیرانہ سالی کی حد عمر 60 سال کے بجائے 57 سال کرنے اور غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے نیز وظائف کی رقومات میں مزید اضافہ کرنے کے جو وعدے کئے تھے وہ اقتدار ملنے کے 4 ماہ بعد بھی اس ضمن میں ٹھوس اقدامات نہیں کئے ۔ انہوں نے مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کو وقت کا اہم تقاضہ قرار دیا اور عوام سے پر زور اپیل کی کہ وہ اقتدار سے بیدخل کرنے کی سیاسی طاقت کی حامل کانگریس کے امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنائیں ۔ اس موقع پر کانگریس کے دیگر سرکردہ قائدین رام لنگا ریڈی ، وائی نروتم ، کنڈیم نرسملو ، جی بھاسکر ، محمد جعفر ، محمد ماجد اور دوسرے موجود تھے ۔۔