منظم طور پر سیاسی جدوجہد ضروری، گلبرگہ میں اجلاس، لکشمن دستی، اکرم نقاش و دیگر کا خطاب
گلبرگہ۔ 8 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علاقہ حیدر آباد کرناٹک کی ترقی اور پسماندگی کے خاتمہ کے لئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملیکارجن کھرگے اور سابق چیف منسٹر کرناٹک دھرم سنگھ کے سیاسی تَدَبُّر سے حاصل کردہ دستور کی ترمیمی دفعہ371 (جے) کا مکمل نفاذوزیر کرناٹک مسٹر پریانک کھرگے متعلقہ کابینی ذیلی کمیٹی کے صدر و ضلع انچارج وزیرگلبرگہ کے لئے ایک چیالنج بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر لکشمن دستی صدر کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی نے انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کے زیرِاہتمام خواجہ بندہ نوازؒ ایوان اردو میں ’ آرٹیکل 371 (جے) کی خصوصی مراعات‘ کے زیرِ عنوان منعقدہ توسیعی لکچر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 371 (جے) کی منظوری اور نفاذ کے دس برس بعد بھی ریاستی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے چیئرمین اور ضلع انچارج وزیر پریانک کھرگے کے لئے یہ ایک پیچیدہ سوال بنا ہوا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن دستی نے کلیان کرناٹک کے تمام وزراء ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل، ایشور کھنڈرے، رحیم خان، شرن بسپا درشناپور، این ایس بوس راجو اور شیوراج تنگڈگی پر زور دیا کہ وہ آرٹیکل 371 (جے) کے نفاذ کے چیالینج کو قبول کریں اور موثر اقدامات کے ذریعہ منظم سیاسی عزائم کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ آرٹیکلJ 371 دراصل میر عثمان علی خان آصفجاہی سلطان حیدرآباد کی رعایا پروری ” ملکی رول” کی نقل کا پختہ ثبوت ہے جو انہوں نے 1919 میں ملکی ایکٹ نافذ کیا تھا، تاکہ تقررات میں مقامی افراد کے لیے تحفظات کی مراعات حاصل ہوں اور کسی مقامی فرد کے ساتھ نا انصافی نہ ہو۔ڈاکٹر لکشمن دستی نے کہا کہ آرٹیکل 371 (جے) کے نفاذ میں ضلعی انتظامیہ کا دامن بچانا اور تاخیر کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا الجھن پیدا کرتا ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن دستی نے بڑی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے چیئرمین گووند کرجول نے 2020 میں خصوصی ریزرویشن کے خلاف کووڈ 19 وبائی امراض کے دوران کلیان کرناٹک کی عوام مخالف سرکلر جاری کیا تھا، جو اب ہمارے علاقہ کے امیدواروں کے لئے موت کی گھنٹی ہے۔ اس خصوص میں انہوں نے یکم ؍فروری 2023 کے سرکلر کو نافذ العمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کچھ خامیوں کے باوجود ہمارے علاقہ کے امیدواروں کے تقرریوں میں میرٹ اور ریزرویشن کوٹہ کے مواقع ملے ہیں۔انہوں نے حکومت اور کلیان کرناٹک ایریا ڈیولپمنٹ بورڈ پر زور دیا کہ وہ کلیان کرناٹک خطہ کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے پانچ یا دس سال کے وژن کے ساتھ ایک جدید ایکشن پلان تیار کرے۔ ڈاکٹر اکرم نقاش صدر انجمن ترقی اردو گلبرگہ نے صدارتی خطاب کیا۔ ڈاکٹر ماجد داغی معتمد انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ نے توسیعی لکچر سے قبل استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کرناٹک کو آرٹیکل 371 (جے) کے تحت حاصل خصوصی مراعات و حقوق سے واقف ہوں، تاکہ ہم اپنے حقوق کی حفاظت کو یقینی بناسکیں۔ ڈاکٹر منظور احمد دکنی لیکچرر شعبہ اردو و فارسی گلبرگہ یونیورسٹی و رکن عاملہ انجمن نے بیباک جہدکار ڈاکٹر لکشمن دستی کا تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر گلبرگہ یونیورسٹی کلبرگی کی جانب سے لکشمن دستی کو ان کی قابلِ قدر سماجی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کئے جانے پر انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کو تہنیت پیش کی۔اس اجلاس میں بحیثیت مہمانانِ اعزازی ڈاکٹر وہاب عندلیب سابق صدرنشین کرناٹک اردواکیڈیمی بنگلور اور امجد جاوید سابق صدر انجمن نے شرکت کی اور لکشمن دستی کے کارناموں پر روشنی ڈالی، اجلاس کا آغاز مولوی مظہر احمد گرمٹکال کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔اس اہم توسیعی لیکچر میںگلبرگہ کے دانشوروں، مفکرین، قلمکاروں اور معزز شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔