ترقی کیلئے علیحدہ سکریٹریٹ کے قیام کا فیصلہ، چیف منسٹر یدی یورپا کا اعلان
بنگلورو 17 ستمبر (پی ٹی آئی) علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا نے منگل کو اعلان کیاکہ اس علاقہ کا نام ’کلیانا کرناٹک‘ رکھا جارہا ہے اور اس کی ترقی کے لئے ایک علیحدہ سکریٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ کرناٹک کے چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا نے کہاکہ ’حیدرآباد کرناٹک کا نام کلیانا کرناٹک رکھنے کے لئے ایک طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا تھا اور خدا کی مہربانی سے ایک ایسے وقت جب مَیں اس ریاست کا چیف منسٹر ہوں، مَیں حیدرآباد ۔ کرناٹک کا نیا نام کلیانا کرناٹک رکھنے کا اعلان کرتا ہوں‘۔ یدی یورپا نے کلبرگی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’اس علاقہ کے چھ اضلاع میں جشن کا ماحول دیکھا جارہا ہے‘۔ اُنھوں نے کہاکہ کلیانا کرناٹک علاقہ کی ترقی کے لئے ایک علیحدہ سکریٹریٹ قائم کیا جائے گا جس کے ذریعہ ترقیاتی فنڈس جاری کئے جائیں گے۔ یدی یورپا نے کہاکہ مرکز سے مشاورت کے بعد ہی نام کی تبدیلی سے متعلقہ تمام رسمی ضابطوں کی تکمیل کی گئی۔ 15 اگسٹ 1947 ء کو ہندوستان کی آزادی کے باوجود 17 ستمبر 1948 ء تک ان علاقوں پر ریاست حیدرآباد کے آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کی حکمرانی تھی۔ لیکن 17 ستمبر 1948 ء کو ہندوستان کے پہلے وزیرداخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی قیادت میں پولیس ایکشن کے ذریعہ سابق ریاست حیدرآباد کا انڈین یونین میں انضمام عمل میں لایا گیا تھا۔ سابق حیدرآباد کرناٹک کے علاقہ بیدر، بیلاری، کلبرگی، کوپل، رائچور اور یادگیر جیسے چھ اضلاع پر مشتمل تھا جنھیں ان کی پسماندگی کو ملحوظ رکھتے ہوئے دستور ہند کی دفعہ (371J) کے تحت خصوصی موقف دیا گیا تھا۔