علاقہ خالی کرنے شاہین باغ احتجاجیوں پر زور

,

   

نئی دہلی ۔ /17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس اور شمال مشرقی ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں نے آج شاہین باغ کا دور ہ کیا اور وہاں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر علاقہ خالی کرنے کی درخواست کی ۔ دہلی حکومت کی جانب سے کل یہ اعلان کیا گیا تھا کہ مذہبی ، خاندانی ، سماجی ، سیاسی یا تہذیبی کسی بھی تقریب میں 50 سے زیادہ افراد کو جمع ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر حکومت کے ان احکامات پر /31 مارچ تک عمل ہوگا ۔ حکومت دہلی کے اعلان دوسرے دن حکام آج شاہین باغ پہنچ گئے اور احتجاجیوں پر علاقہ خالی کرنے کیلئے زور دیا ۔ دہلی میں تاحال کورونا وائرس سے 8 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے جبکہ ان میں ایک ضعیف خاتون فوت ہوچکی ہے ۔ شہریت ترمیمی قانون کیخلاف شاہین باغ میں گزشتہ 3 ماہ کے زیادہ عرصہ سے خواتین احتجاج کررہی ہیں جن کو مختلف تنظیموں کی حمایت حاصل ہے ۔
احتجاج جاری رکھنے خواتین کا عزم
اس دوران شاہین باغ احتجاجیوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے باوجود وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔ واضح رہے کہ دہلی میں چیف منسٹر اروند کجریوال نے 50 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی تھی ۔ دہلی پولیس کے حکام نے بھی احتجاجیوں سے ملاقات کرکے علاقہ خالی کرنے کو کہا تھا تاہم احتجاجیوں نے اپنا احتجاج جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔