علاقے کے ممالک علاقے کے امن و استحکام کا تحفظ کریں: رئیسی

   

تہران : ایران کے صدرسید ابراہیم رئیسی نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کے ممالک کے ہاتھوں ہی علاقے کے امن و استحکام کا تحفظ ہونا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ ایران، افغانستان میں قیام امن اور خونریزی روکنے کے لئے اپنی پوری توانائی بروئے کار لانے کے تیار ہے۔صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران اور افغانستان کی قوموں کے درمیان عقائد و تمدن اور بنیادی طور پر گہرے ثقافتی بندھن قائم ہیں اور تہران، افغان عوام کے لئے امن، عزت و رفاہ وترقی کا خواہاں ہے اور تہران نے افغان عوام کی مدد و حمایت سے متعلق اپنی کسی کوشش سے کبھی دریغ نہیں کیا ہے اور مستقبل میں بھی ایران کی یہ پالیسی جاری رہے گی۔صدرسید ابراہیم رئیسی نے افغانستان میں بدامنی و کشیدگی کی بنیادی وجہ اغیار کی مداخلت کو قرار دیا اور کہا کہ اس بات کا یقین ہے کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کے باوجود مختلف طریقوں سے ان دہشت گرد فوجیوں کی فتنہ انگیزی جاری رہے گی اس لئے کہ ان کے مفادات ہی بدامنی میں پنہاں ہیں۔