علامہ اقبال، صدی کے فلسفی شاعر، مصلح قوم، جہد مسلسل کے علمبردار

   

محفل اقبال شناسی کے احیاء کی کوشش، نظام آباد میں مشاورتی اجلاس، سید نجیب علی اور دیگر کا خطاب
نظام آباد۔ 27 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر نظام آباد میں گذشتہ کئی سالوں سے محفل اقبال شناسی کا انعقاد عمل میں لایاجاتارہاہے لیکن گذشتہ چند ماہ سے اس محفل کے انعقاد میں تسلسل ٹوٹ گیا تھا چنانچہ اس سلسلے کو دوبارہ شروع کرنے کی غرض سے ایک اہم ترین مشاورتی اجلاس گذشتہ اتوار کو بمقام نالج پارک انٹرنیشنل اسکول بودھن روڈ نظام آبادپر بوقت گیارہ بجے دن طلب کیاگیا ۔اس اجلاس کے کنوینرس سید مجیب علی ڈائرکٹر نالج پارک انٹرنیشنل اسکول اور محمدانصاری موظف سی ای او کوآپریٹیوتھے۔ عبدالحلیم خان مؤظف ڈپٹی کلکٹر کے زیرِ صدارت اجلاس شروع ہوا ۔ کنوینرِ محفل سید نجیب علی نے اپنے افتتاحی خطبے میں ملت کی زبوں حالی اور خاص طور پر نوجوان طبقے کی بڑھتی ہوئی بے راہ روی پر اپنے تعلقِ خاطر کا اظہار کیا اورزور دے کر کہا کہ اس صدی کے فلسفی شاعر،مصلح قوم اور جہدِ مسلسل کے علم بردار علّامہ اقبال کے پیغام کو نوجوانوں میں عام کرنے اور متاثر کرنے کی ضرورت ہے ، نظام آباد میں ماضی میں منعقد ہونے والے اقبال شناسی کے محفلوں کے دائرہ ٔ کار کو وسعت دی جائے اور نوجوانوں کو علّامہ اقبال کی سوچ اور پیغام سے نہ صرف روشناس کیا جائے بلکہ ان میں انقلابی روح پھونکنے کی کوشش کی جائے۔اس لئے انہوں نے تجویز پیش کی کہ بجائے محفلِ اقبال شناسی کے۔ ’’اقبال اکیڈمی نظام آباد‘‘ کے نام سے اس تحریک کو موسوم کیاجائے اور اس کی وسعت کیلئے مختلف شعبوں میں نئے طریقوں کو استعمال کیا جائے۔چونکہ علّا مہ اقبال کا پیغام مسلسل جد و جہد کی ترغیب دیتا ہے اس لئے پہلے ہائی اسکول اور انٹر کے طالبِ علموں کو ترغیب دی جائے۔نوجوان نسل ابھی اُردو سے کما حقہ واقف نہیں ہیں اس لئے مختلف انعامی کوئز، تحریری اور تقریری مقابلوں کے ذریعے ان میں دلچسپی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ شرکائے مجلس نے ’’اقبال اکیڈمی نظام آباد‘‘ کے نام کو قبول کیا اور مستقبل میں’’تن من اوردھن‘‘ سے کام کرنیکی پیشکش کی۔ شرکائے مجلس نے اپنا اپنا تعارف کروایا اور نوجوانوں میں تقسیمِ انعامات کیلئے فوری طورپر اپنی اپنی طرف سے رقم بھی جمع کروادی۔بعد از اں اپنے صدارتی خطبے میں عبدالعلیم خان مؤظف ڈپٹی کلکٹر نے حکمت بھرے انداز میں اقبال کے پیغام کو عام کرنے پر زور دیا کہ اس سے پہلے کہ ہماری مدتِ حیات پوری ہوجائے اور مہلت ختم ہوجائے ہمیں چاہیئے کہ ہم دیر نہ کریں اور نوجوان نسل کی تربیت کے لئے کوششں کی جائیں ۔علّامہ اقبال کی ساری شاعری کا ماخذ قرآن اور حدیث ہے اس لئے ان کے پیغام کو عام کرنا بھی دین کے راستے میں محنت کرنا ہی ہے۔ ایک عبوری کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا گیا جس کیلئے حسب ِ ذیل افرادکو ذمہ داری سونپی گئی۔ عبد الحلیم خان (صدر )، یوسف انصاری (نائب صدر)، محمد انصاری (معتمد)، عبدا لعظیم بی ایس این ایل( نائب معتمد) محمد رضوان انجینئر(خازن) مفتی سید احسان الحق قاسمی (مشیر)مرزا اسحاق احمد بیگ (مشیر)۔ ’’اقبال اکیڈمی نظام آباد‘‘کی آئندہ مجلس کے انعقاد کی تاریخ 13-10-2024 بوقت گیارہ بجے کے اعلان کے ساتھ میٹنگ برخواست کردی گئی۔