علامہ اقبال کی شخصیت مینارہ نور کی مانند

   

ریاض سعودی عرب میں کتاب ’’اردو کیسے سیکھیں‘‘ کی رونمائی، جناب نعیم جاوید اور دیگر کا خطاب
نظام آباد ۔ 16 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ممتاز ادیب وشاعر ’ ناظم مشاعرہ ماہر اقباؔلیات شخصیت ساز‘ اسلامک اسکالر ،برصغیر کی معروف شخصیت ڈائرکٹر ہدف نعیم جاوید کے ہاتھوں ، ریاض سعودی عرب میں محمد عبدالوحید حمیدی، حیدرآباد دکن کی کتابیں ’’اردو کیسے سیکھیں ‘‘ کی رونمائی 14؍ مئی کی شام معروف تنظیم ’’اظہار‘‘ کے زیر اہتمام صدر تنظیم پروفیسر عظمت اللہ بھٹو کی رہائش گاہ پر عمل میں آئی ہے۔اس موقع پر ممتاز قلمکار مجید عارف نظام آبادی نے محمد عبدالوحید حمیدی کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ وہ درس و تدریس کے مقدس پیشے سے وابستہ ہیں۔ حمیدی نے بچوں کی و صلاحیتوں کے پیش نظر اردو کیسے سیکھیں’’ (حصہ اول تا حصہ پنجم) کے عنوان سے ایک مکمل کورس متعارف کرایا ہے۔ جو نئی نسل کو اردو سیکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔قبل ازیں علامہ اقبالؔ کے فکر و فن پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ نعیم جاوید نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت مینارہ نور کی مانند ہے۔ جس کی کہکشاں سے نسلیں فیض یاب ہوتی رہیں گی۔تشنگان علم و فن کو روحانی نشاط ملتا رہیگا۔ ان کے اشعار میں بصارتوں اور بصیرتوں کے باب کھلنے لگتے ہیں۔ انہوں نے شاہین کو فضاء بیکراں میں غیرت و حمیت کا پیکر بنایا ہے توجگنو کی روشنی کو مومن کے نور سے تشبیہ دی ہے۔ان کی نظموں میں زمانے سمٹ آتے ہیں۔وہ قوم کو جلیل القدر ‘جان بازی ‘مہم جو’ بلند خیال دیکھنا چاہتے ہیں۔ جہاں مقصدِ حیات اور رفتار حیات طئے ہوتا ہے۔ نعیم جاوید کے اسلوب کو خوب پسند کیاگیا۔ علامہ اقبال کے فکر و فن پر مسرزشاہد خیالوی، منصور محبوب چودھری، ڈاکٹر راشد محمود، صدر محفل پروفیسر عظمت اللہ، پروفیسر گوہر رفیق نے بھی روشنی ڈالی۔بعد ازاں شعری نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں معروف شعراء کرام مسرز منظر حمدانی،منصور محبوب چودھری،عبدالرحمان راشد عمری، نعیم جاوید نے کلام سنایا۔ اس محفل میں مسرز سید زین العابدین،راحیل اعظمی کے علاوہ محبان علامہ اقبال کی کثیر تعداد شریک تھی۔ پروفیسر عظمت اللہ کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔ مذکورہ کتابیں امیزون پر بھی دستیاب ہیں۔مزید تفصیلات کیلئے مصنف سے موبائل فون نمبر +9179896 28853پر ربط کرسکتے ہیں۔