علحدہ تلنگانہ تحریک میں طلباء و نوجوانوں کی قربانیاں نظرانداز

   

آئندہ 100 دنوں میں کانگریس حکومت ورنگل میں ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/13ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت نے علحدہ تلنگانہ تحریک میں طلباء اور نوجوانوں کی قربانیوں کو نظرانداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر آندھرائی طاقتوں کے اشارہ پر کام کررہے ہیں اور یادگار شہیدان تلنگانہ اور دیگر پراجکٹس کا کام آندھرائی کنٹراکٹرس کو دیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کاکتیہ یونیورسٹی پہنچ کر پی ایچ ڈی میں داخلوں میں بے قاعدگیوں کے خلاف طلبہ کے احتجاج کی تائید کی۔ انہوں نے بھوک ہڑتال کرنے والے طلبہ قائدین کو جوس پیش کرتے ہوئے ہڑتال ختم کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اہلیت نہ رکھنے والے افراد اور بی آر ایس کا جھنڈا تھامنے والوں کو پی ایچ ڈی میں داخلے دیئے گئے ہیں۔ میرٹ رکھنے والے طلبہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی جس کی وائس چانسلر سے شکایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں عثمانیہ یونیورسٹی اور کاکتیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے اہم رول ادا کیا۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کے سی آر نے اپنے وعدوں کو فراموش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجہ میں کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کو عہدے حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن کونسل پی راجیشور ریڈی سے قربت رکھنے والے شخص کو کاکتیہ یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے یونیورسٹی طلباء پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کی اور وائس چانسلرکی برخواستگی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں دورہ کرنے کی کے سی آر میں ہمت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 100 دن بعد تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہوگی اور کانگریس حکومت یونیورسٹی میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرائے گی۔ طلبہ پر ظلم کرنے والے پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ کانگریس پر آندھرائی قائدین کی سرپرستی کا الزام عائد کررہے ہیں جبکہ حقیقت میں کے سی آر آندھرائی قائدین کے اشارہ پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے وی پی رامچندر راؤ سے کے سی آر کے قریبی روابط ہیں اور تلنگانہ کے اہم پراجکٹس آندھرائی کنٹراکٹرس کو الاٹ کئے گئے۔ ریونت ریڈی نے ورنگل میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کی اور 17 ستمبر کو جلسہ عام کامیاب بنانے کی اپیل کی۔