علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام میں احمد پٹیل کا اہم رول

   

پریس کلب میں تعزیتی جلسہ، ہنمنت راؤ ، پنالہ لکشمیا اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد: اے آئی سی سی قائد احمد پٹیل کو کانگریس پارٹی کی جانب سے زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے پریس کلب بشیر باغ میں تعزیتی جلسہ کا اہتمام کیا تھا۔ سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، نوی ممبئی کے سابق ڈپٹی میئر انیل کوشک، سابق ارکان پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ ، ملو روی ، ایم اے خاں اور دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پارٹی اور ملک کیلئے احمد پٹیل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ہر موقع پر احمد پٹیل نے بحران سے نکالنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں احمد پٹیل نے نمایاں رول ادا کیا ۔ کانگریس قائدین پریم لال ، ایس کے افضل الدین ، لکشمن یادو اے یادگیری گوڑ ، سریکانت گوڑ ، کرانتی کمار ، سریدھر گوڑ اور اویناش نے بھی تعزیتی جلسہ میں شرکت کی ۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ احمد پٹیل کانگریس پارٹی میں اہم ستون کی طرح تھے اور وہ سیکولرازم کے علمبردار تھے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام میں ان کا اہم رول رہا ۔ احمد پٹیل نے متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کا بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی راہ ہموار کی تھی ۔ ایم اے خاں نے کہا کہ احمد پٹیل نے قائدانہ صلاحیتوں سے نازک حالات میں کانگریس کو مستحکم کیا ۔ انہیں اندرا گاندھی ، راجیو گاندھی اور سونیا گاندھی کے ساتھ خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے ۔