علحدہ تلنگانہ کے بعد محبوب نگر ترقی کی شاندار مثال

   

بی آر ایس کی یوم تاسیس تقریب سے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر ۔ 26 ۔ ا پریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس کی یوم تاسیس کی مناسبت سے 25 اپریل کو متحدہ ضلع محبوب نگر میں اہم مقامات پر بی آر ایس قائدین اور کارکنوں نے بڑے پیمانہ پر پارٹی پرچم کشائی تقریبات کا اہتمام کیا ۔ مستقر محبوب نگر پر جے جے آر گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ پلینری اجلاس میں ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس نے علحدہ تلنگانہ کے قیام کے ذریعہ ملک بھر میں سنہری تاریخ رقم کی ہے جو جدوجہد اور قربانیوں سے بھری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2001 ء میں سیاسی شعور رکھنے والے دور اندیش قائد کے سی آر نے ڈپٹی اسپیکر اسمبلی کے عہدہ سے مستعفی ہوتے ہوئے علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے لئے کمربستہ ہوئے تب کسی کو بھی یقین نہیں تھا کہ کبھی تلنگانہ بھی علحدہ ہوگا ؟ لیکن کے سی آر کی دانشمندانہ جدوجہد اور قیادت میں پارٹی قائدین اور کارکنوں نے اس خواب کو پورا کر دکھایا اور آج یہی قیادت تلنگانہ کو حقیقی ترقی کے ثمرات دے رہی ہے ۔ اسی تسلسل میں ریاستی وزیر نے علحدہ تلنگانہ سے قبل اور آج کے محبوب نگر کا تفصیلی موازنہ کیا اور کہا کہ کس طرح انتہائی پسماندہ یہ ضلع جو قحط ، خشک سالی ، فاقہ کشی ، نقل مقام اور کسانوں کی خودکشی کیلئے مشہور تھا اور آج ترقی کی ایک شاندار مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی محبوب نگر کو ترقی کے کئی مراحل سے گزارا جائے گا ۔ ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کی یقینی بنانے کیلئے آئی ٹی ٹاور اور انڈسٹریل کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ عنقریب ریاستی وزیر کے ٹی آر اس کا افتتاح کریں گے ۔ انہوں نے آخر میں کارکنوں اور قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ شبانہ روز پارٹی ی مقبولیت اور عوام کی خدمت کیلئے تیار ہوجائیں۔ عوام کو درپیش مسائل ان تک پہنچائیں تاکہ ترقی کے ثمرات سے عوام کے تمام طبقات مستفید ہوں۔ مستقر کے اہم چوراہوں پر پار ٹی کارکنوں نے گلابی جھنڈے لہراتے ہوئے جوش و خروش کے ساتھ تقاریب منعقد کیں ۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین نرسمہلو ، مارکٹ کمیٹی چیرمین عبدالرحمن ، لائبریریز چیرمین راجیشور گوڑ ، موڈا چیرمین وینکنا ، بلدی کونسلرس اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔