فسادات پر مکمل کنٹرول، اسٹیل برج کے افتتاح کے بعد کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں حیدرآباد کرفیو سے پاک ہوگیا ہے۔ لا اینڈ آرڈر پر سختی سے عمل کرتے ہوئے فسادات پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اندرا پارک تا وی ایس ٹی تعمیر کئے گئے اسٹیل برج کا افتتاح کرنے کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ٹی سرینواس یادو، محمد محمود علی، مقامی رکن اسمبلی ایم گوپال، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کے علاوہ دیگر عوامی منتخب نمائندے اور میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی وغیرہ موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد حیدرآباد تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ عوام کو تمام بنیادی سہولت فراہم کی جارہی ہیں۔ عوام کو ٹریفک مسائل سے نجات دلانے کیلئے 450 کروڑ روپئے کی لاگت سے 2.3 کیلو میٹر طویل اسٹیل برج تعمیر کیا گیا ہے۔ حکومت نے بڑھتی ہوئی آبادی اور پھیلتے ہوئے وسیع شہر کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی کے تحت آئندہ 50 سال کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے (ایس آر ڈی پی) پراجکٹ کے تحت بڑے پیمانے پر فلائی اوورس، انڈر پاس روڈ اووربرجس اور لنک روڈس تعمیر کررہی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں ہر سال 10 دن تک حیدرآباد میں کرفیو رہا کرتا تھا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں لا اینڈ آرڈر پر سختی سے عمل آوری کی گئی جس کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد کرفیو سے پاک ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد کی جانب سے شہر کے امن وامان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہندوؤں اور مسلمانوں میں پھوٹ ڈالتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا مگر حکومت ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مقامی رکن اسمبلی ایم گوپال نے اندرا پاک کو ترقی دینے کا مطالبہ کیا ہے جس کو وہ قبول کررہے ہیں۔ آئندہ بھی ریاست میں بی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی۔ اندرا پارک کو عالمی سطح کے پارک میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ لوور ٹینک اور اپر ٹینک بنڈ کو ملا کر خوبصورت سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر اس اسٹیل برج کو تلنگانہ کے پہلے وزیرداخلہ آنجہانی این نرسمہاریڈی سے موسوم کیا گیا ہے۔ن