تلنگانہ بھون میں یوم تاسیس تقریب، ونود کمار ، راجیشور ریڈی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔27 ۔ اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں ٹی آر ایس وہ واحد پارٹی ہے جو علحدہ ریاست کے قیام کی جدوجہد کیلئے قائم کی گئی تھی اور اسے کامیابی حاصل ہوئی ۔ ملک کی دیگر ریاستوں میں مختلف پارٹیاں قائم کی گئیں جنہوں نے ریاست کی تقسیم کا مطالبہ کیا لیکن آج تک بھی انہیں کامیابی نہیں ملی ۔ ونود کمار آج تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس کی یوم تاسیس تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ارکان کونسل پی راجیشور ریڈی اور رام موہن کے علاوہ دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں محدود تعداد میں قائدین تقریب میں شامل ہوئے۔ ونود کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس کو کے سی آر جیسی قیادت ملی جس نے انتہائی دور اندیشی کے ساتھ جدوجہد کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے قیام کے بعد سے تلنگانہ ہر شعبہ میں ترقی کر رہا ہے۔ ونود کمار نے یاد دلایا کہ ایم چنا ریڈی ، اندرا ریڈی ، وجئے شانتی اور اے نریندر جیسے کئی قائدین علحدہ تلنگانہ کی جدوجہد میں شامل رہے لیکن انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے لئے تلنگانہ جدوجہد کسی چیلنج سے کم نہیں تھی ۔ ونود کمار نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد کو عوام کی مکمل تائید حاصل ہوئی۔ سماج کے تمام طبقات میں علحدہ ریاست کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں غریبوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے علاوہ تمام طبقات کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ۔ تلنگانہ میں شروع کردہ کئی فلاحی اسکیمات کو دیگر ریاستوں نے اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بحران کے سبب ملک بھر میں معاشی سرگرمیاں ٹھپ ہوچکی ہیں۔