ریاض : جڑے ہوئے بچوں کے آپریشن کرنے والی سعودی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ ’شامی بچے بسام کی صحت مستحکم ہے۔ دوسرے بچے احسان کا انتقال ہو گیا ‘۔الربیعہ نے کہا کہ ’ایک ہفتے قبل یہ آپریشن ہوا تھا۔ احسان کے دل کی ساخت میں ایسی پیدائشی خرابی تھی جس کی اصلاح ناممکن تھی۔ علاوہ ازیں آنتوں کے نظام میں غیر معمولی کمی تھی۔ پیشاب کے نظام اور گردوں سے محروم تھا‘۔ایس پی اے کے مطابق الربیعہ نے کہا کہ ’بسام اور احسان کا آپریشن شروع کرنے سے قبل ان کے والدین کو تمام حقائق سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ انہیں اچھی طرح سے سب کچھ معلوم تھا‘۔الربیعہ نے توجہ دلائی کہ ’بسام کی صحت ہر لحاظ سے تسلی بخش ہے۔ اسے اب تک مصنوعی تنفس پر رکھا گیا تھا تاہم اب وہ طبعی انداز میں سانس لینے لگا ہے۔ پوری طرح سے ہوش میں ہے اور اپنے والدین سے طبعی انداز میں پیش آرہا ہے‘۔ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ ’بسام نے آج سے منہ کے ذریعے غذا لینا شروع کر دی ہے‘۔میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر الربیعہ نے اس سے قبل بتایا تھا کہ آپریشن پانچ مراحل میں مکمل ہوا۔ شروعات دونوں بچوں کو بے ہوش کرنے سے ہوئی۔ اس پیچیدہ آپریشن میں 26 ڈاکٹروں، نرسوں اور معاونین نے حصہ لیا۔