مدینہ ایجوکیشن سنٹر نامپلی میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے مولانا ابو طالب رحمانی کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری ۔ ( راست ) ۔ مسجد کے ذمہ داران ، امام ، خطیب اور مؤذن ایک خاندان کے افراد ہیں ، اگر چہ کہ مکانات الگ الگ ہوں گے لیکن مسجد کی قیادت کی حیثیت سے ایک خاندان کی حیثیت ہوگی۔ اس خاندان کا یہ دینی فریضہ ہے کہ وہ اپنے محلہ کی خبر گیری کریں اور اپنی مسجد کے اطراف چاروں طرف چالیس چالیس مکانات کی مکمل تفصیلات مساجد میں موجود رہیں، محلہ میں موجود پریشان حال لوگوں کی خیر خبر لینے کا مؤثر نظام بنائیں، محلہ میں کتنے یتیم ہیں، کتنی بیوائیں ہیں، کتنے معذور ہیں، کون کس حال میں اپنی زندگی بسر کررہا ہے اس کی تفصیلات مساجد میں موجود رہیں پھر یہ مساجد مدینتہ المنورہ کا نمونہ پیش کریں گی ان خیالات کا اظہار مولانا ابو طالب رحمانی رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے مدینہ ایجوکیشن سنٹر نامپلی میں منعقدہ ائمہ خطباء و ذمہ داران مساجد کے خصوصی اجلاس سے خطاب فرماتے ہوئے کیا۔ مولانا محترم نے اپنے سلسلہ خطاب میں واقعات و احادیث نبوی اور حالات و تجربات کی روشنی میں اس بات کی ترغیب دی کہ موجودہ دور میں مساجد سے نہ صرف مسلمان بلکہ غیر مسلموں کو بھی قریب کرنے کی ضرورت ہے ،انہیں دین سمجھانے کی بہترین جگہ مساجد ہی ہیں جہاں پر ہمیشہ رحمتِ خداوندی متوجہ رہتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مساجد کے تحت خدمتِ خلق کے مختلف کام بھی سر انجام دیتے رہیں۔مولانا نے مالداروں سے مخاطب ہوکر فرمایا کہ زکوۃ ادا کرنے والے کو سخی نہیں کہتے وہ تو ذمہ داری ہے اسلامی فریضہ ہے اس سے آگے بڑھ کر مختلف سماجی و رفاہی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، مولانا ابوطالب رحمانی صاحب کے جامع و پْر اثر خطاب سے پہلے جناب یو نثار احمد صاحب آئی پی ایس ریٹائرڈ آئی جی نے بھی ملک کے حالات اور مساجد کے تحت کرنے کے اہم کاموں کی طرف توجہ دلائی اور پروجیکٹر کے ذریعہ ملکی حالات پر زبردست پریزنٹیشن پیش کیا۔ تمہیدی خطاب میں صدر صفا بیت المال مولانا غیاث احمد رشادی نے عوام الناس سے روابط مضبوط کرنے کی مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ترغیب دی۔ مفتی عبد المہیمن اظہر القاسمی نائب صدر صفا نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اجلاس میں شہر حیدرآباد کی مختلف مساجد کے صدر ائمہ و خطباء کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع کاماریڈی ، کریم نگر ودیگر اضلاع سے بھی علماء و ائمہ کرام مرکزی صفا بیت المال کے خازن مولانا وسیم الحق ندوی نے شرکت کی۔ پروگرام کے تمام ویڈیوز کا صفا بیت المال کے یوٹیوب چینل www.youtube.com/safabaitulmaalپر ملاحظہ کرسکتے ہیں۔