علم میں پیچھے رہیں گے تو ہر میدان میں ذلت ہوگی

   

مسلمانوں کو دینی و دنیوی علم دونوں سیکھنا لازمی ، محبوب نگر میں جلسہ ، مفتی خلیل احمد اور دیگر علماء و مشائخ کا خطاب
محبوب نگر8/مئی ( اسٹیٹ سماچار)مفکر اسلام مفتی الحاج محمد خلیل احمد قادری و رکن کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کہاکہ موجودہ دور میں ساری دنیا میں اگر دہشت گردی،لڑنا جھگڑنا فتنے فسادات دیکھنے کو مل رہے ہیں اور ایک دوسرے سے نفرت پروان چڑھ رہی ہے تو وہ علم سے دوری کے نتیجہ میں ہورہی ہے چند مٹھی بھر افراد اگر اسلام و مسلمانوں کو بدنام کرنے کی مذموم ومسموم کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ، تو اس سے شریعت اور انسانیت کو کسی قسم کا کوئی فرق نہیں پڑے گا اور نہ ہی ان قاتلوں کو ہم معاف کریںگے ۔ اس امرکا انکشاف مفکر اسلام علامہ مفتی خلیل احمدنے کل رات محبوب نگر میں شیخ الاسلام عارف باللہ حافظ امام محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ بہادر بانی جامعہ نظامیہ کے اسم سے موسوم آئی اے ایف کریٹیو ہائی اسکول کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا اس کے بانی و مہتمم علامہ الحاج محمد احمد نقشبندی مجددی قادری جنیدی جامعہ نظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔ حضرت الحاج خواجہ سید غیاث الدین معینی چشتی اجمیری بحثییت مہمان خصوصی شروع ہی سے موجود تھے ۔مفکر اسلام نے اپنا سلسلہء صدارتی خطاب فرماتے ہوئے کہاکہمسلمانوں کو دو چیزیں سیکھنا موجودہ دور میں ضروری ہے دین کیساتھ دنیاوی تعلیم اور دنیاوی تعلیم کیساتھ دین کی تعلیم لازمی و ضرور سیکھنی چاہیئے ۔ آج ہم بہت شور سے کہہ رہے ہیں کہ ہم چاند پے گئے مگر چاند پے جانے کا راستہ کس نے بتلایا آج مسجد اقصی بیت المقدس کے معاملات چل رہے ہیں،آپ چاند تک کا سفر معراج نہیں فرمایا بلکہ آپ چاند سے بھی زیادہ کا سفر طئے فرمایا،چاند و سورج انسان کے لئے مسخر کیا ہے تو انسان چاند تک جاسکتے ہیں اور سائینس دانوں نے اپنے ریسرچ سینٹر میں قرآن حکیم کو رکھا ہے تاکہ سائینسی ایجادات و اختراعات کے لئے قرآن حکیم سے افادہ و استفادہ کرسکیں اور کررہے ہیں۔ ایمان لانے کے لئے علم کا حصول ناگزیر ہے ، عبادت سے علم افضل ہے اگر مسلمان علم سے پیچھے ہوتے جائیں گے تو ہر میدان میں خوار مذلت اٹھانا پڑ ے گا۔ حضرت خواجہ سید غیاث الدین معینی چشتی اجمیری جانشین سجادہ نشین دیوان جی حضرت خواجہ غریب النواز نے دعائیہ خطاب میں کہاکہ سرزمین محبوب نگر میں اسطرح کے ادارہ کی اشد ضرورت تھی۔ علامہ احمد نقشبندی نے اس ضرورت کی تکمیل کے لئے جو بیڑہ اٹھایا ہے ضرور ملت اسلامیہ کیلئے ثمر آور ثابت ہوگا۔علامہ قاری محمد احمد نقشبندی بانی آئی اے ایف کریٹیو ہائی اسکول نے افتتاح کے فوری بعد اپنے مخصوص لحن و ترنم میں قرا ت کلام پیش کیا اور خطاب کیا ۔بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی جناب محمد تقی حسین تقی نقشبندی سابق صدر عیدگاہ کمیٹی کے علاوہ آئی اے ایف کریٹیو ہائی اسکول حیدرآباد کے طلباء نے بزبان انگریزی تعلیمی مظاہرہ پیش کیا ۔الحاج محمد ابراھیم نقشبندی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے-پیر طریقت حضرت الحاج سید عبدالرزاق شاہ قادری سجادہ نشین قطب محبوب نگر حضرت سید مردان علی شاہ قادری نے رقت آمیز دعاکی ۔ شہہ نشین پر حضرت الحاج سید شاہ امین الدین قادری مداری حضرت قاضی سید شاہ غوث محی الدین قادری چشتی ، الحاج محمد عبد النعیم الضمیر طاہری قادری اور دیگر علماء و مشائخ موجود تھے۔