علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سونیا گاندھی کا کارنامہ

   

گاندھی بھون میں یوم تاسیس تقریب، پرچم کشائی کے بعد اتم کمار ریڈی کا خطاب

حیدرآباد ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے 6 دہوں پر مشتمل دیرینہ مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے۔ تاہم چیف منسٹر کے سی آر نے تقسیم ریاست کے وعدوں کی تکمیل کے لئے مرکزی نریندر مودی حکومت پر دباؤ ڈالنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ آج تلنگانہ کی یوم تاسیس کے موقع پر گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر محمد علی شبیر، سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا، سابق ارکان پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ، مدھوگوڑ یشکی، بلرام نائک، انجن کمار یادو، ملوروی مہیلا کانگریس کی صدر این شاردا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل، فیروز خان جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین سکریٹریز پردیش کانگریس کمیٹی سید یوسف ہاشمی، اعجاز الزماں، یوسف زئی ، محمد امتیاز کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے علیحدہ ریاست تشکیل دینے پر تلنگانہ عوام کی طرف سے سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 7 سال گذر جانے کے باوجود سنہرے تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوا۔ ٹی آر ایس حکومت عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ کورونا کو کنٹرول کرنے کے معاملے میں مرکزی و ریاستی حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی۔ اتم کمار ریڈی نے کورونا کے مریضوں کا آندھرا پردیش اور تاملناڈو کی طرز پر تلنگانہ میں علاج کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ 7 سال قبل تلنگانہ عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے وہ ایک وعدہ بھی آج تک پورا نہیں ہوا۔ سرکاری ملازمتوں میں تقررات کے عمل کو روکتے ہوئے ریاست کی شرح بیروزگاری میں اضافہ کیا گیا۔ بیروزگاری بھتہ دینے کے وعدے پر عمل نہیں کیا گیا۔ تلنگانہ میں بدعنوانیاں عروج پر پہنچ گئی۔ 2023 میں ریاست میں کانگریس پارٹی برسر اقتدار آئے گی۔