لارڈز۔ 16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی اماپئر علیم ڈار نے ایک اور اعزاز حاصل کرتے ہوئے زیادہ ٹسٹ میچوں میں امپائرنگ کا اسٹیو بکنر کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 128ٹسٹ میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے امپائر اسٹیو بکنر کو حاصل تھا لیکن اب پاکستان کے علیم ڈار ان کے ہم پلہ ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے ایشز سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ کے دوران امپائرنگ سے علیم ڈار نے یہ اعزاز حاصل کیا۔علیم ڈار نے 2003 میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ سے اپنے امپائرنگ کیریئر کا آغازکیا تھا اور اب تک تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 376 میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔ علیم ڈار نے اس اعزاز کے حصول پر اپنے پروگرام میں کہا کہ یہ میرے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ میں نے اپنے رول ماڈل کے برابر ٹسٹ میچوں میں امپائرنگ کی۔یاد رہے کہ علیم ڈار لگاتار تین سال آئی سی سی کے بہترین امپائر کا ایوارڈ جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔