نئی دہلی 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کو دیئے گئے اقلیتی موقف کے صحیح ہونے کا پتہ چلانے سے متعلق مسئلہ کو سپریم کورٹ نے آج اپنی سات رکنی بنچ سے رجوع کردیا۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت میں ججوں کی تین رکنی بنچ نے تعلیمی اداروں کو اقلیتی موقف کی منظوری کے ضمن میں ضابطوں اور شرائط کی تشریح کے مسئلہ کو وسیع تر بنچ سے رجوع کیا۔ ماضی کی یو پی اے حکومت نے الہ آباد ہائی کورٹ کی طرف سے 2006 ء میں صادر کردہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کوئی اقلیتی ادارہ نہیں ہے۔ اس یونیورسٹی کے انتظامیہ نے بھی اس مسئلہ پر ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف علیحدہ اپیل عائد کی تھی۔ مرکز کی بی جے پی حکومت نے 2016 ء میں عدالت عظمیٰ سے کہا تھا کہ سابق یو پی اے حکومت کی طرف سے دائر کردہ اپیل کو وہ واپس لے رہی ہے۔