علیگڑھ ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کرنے والے علیگڑھ مسلم طلبہ یونیورسٹی کے طلبہ کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ کیمپس میں سیکوریٹی کو چوکس کردیا گیا ہے۔ ریاپڈ ایکشن فورس کو تعینات کیا گیا جہاں پر اضطرابی کیفیت دیکھی گئی ہے۔ پولیس نے منگل کی رات سے ہی یہاں پر سیکوریٹی انتظامات کئے ہیں۔ طلبہ کے 20 لیڈروں کے خلاف یہ رپورٹ درج کی گئی جبکہ دیگر 500 نامعلوم افراد کے خلاف بھی کیس درج کیا گیا ہے۔ یہ لوگ امتناعی احکام کی خلاف ورزی کررہے تھے۔ یونیورسٹی کیمپس میں فیض گیٹ کے قریب احتجاج کرنے والے طلبہ کو منتشر کیا گیا۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروکٹر پروفیسر عفیف اللہ خان نے کہا کہ یونیورسٹی لائبریری سے یونیورسٹی سرکل تک طلبہ نے احتجاجی مارچ نکالا۔ یہ مارچ پرامن رہا۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ قائدین نے کہا کہ ان کا یہ احتجاج مکمل طور پر پرامن تھا اور انہوں نے بل کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے اپنے جمہوری حق کو استعمال کیا ہے۔