علیگڑھ یونیورسٹی کیمپس میں تعینات پولیس عہدیدار افطار پر مدعو

   

علیگڑھ ۔ 28 ۔ ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء نے کیمپس میں خیرسگالی کا ماحول بحال کرنے کی کوشش کے طور پر کیمپس میں تعینات پولیس عہدیداروں کے ساتھ وقت گذارا اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران زخمی طلباء سے اظہار یگانگت کیلئے کل روزہ رکھا ۔ بابا سید گیٹ کے قریب طلباء نے پولیس عہدیداروں کو افطار کی دعوت دی اور کھانے کے دوران ان سے تبادلہ خیال کیا ۔ اسٹوڈنٹ یونین کے سابق صدر فیض الحسن کی زیرقیادت یونیورسٹی کے کچھ طلباء نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج بھی کیا ۔ فیض الحسن نے اس موقع پر کہا کہ یہ گاندھیائی طریقہ کار سی اے اے کے خلاف پرامن احتجاج کے دوران امن کی برقراری کے مشن کا حصہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان افراد کیلئے دعائیہ اجتماع بھی منعقد کیا گیا جنہوں نے اس احتجاج کے دوران اپنی زندگیاں قربان کی ہیں ۔ سرکل آفیسر ( سیول لائن ) انیل سمانیا نے طلباء کے اس خیرسگالی اقدام کی ستائش کی اور افطار میں حصہ لیکر اچھے ردعمل کا اظہار کیا ۔ دوسری طرف بی جے پی کے ضلع ترجمان نشانت کمار نے افطار میں پولیس عہدیداروں کے حصہ لینے پر اعتراض کیا ۔