حکومت کا وعدہ وفا نہ ہوسکا ، خستہ حال تاریخی عمارت کو خطرہ
حیدرآباد۔3 ستمبر ۔ (سیاست نیوز) ریاستی حکومت تلنگانہ کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے نامپلی اور شیخ پیٹ سرائے کے تحفظ کے اقداما ت کا اعلان تو کیا گیا لیکن شہر حیدرآباد کے جنوبی حصہ میں بھی حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تیار کی گئی ہریٹیج عمارتوں کی فہرست میں علی آباد سرائے بھی شامل ہے اور اسے I گریڈ کے تہذیبی ورثہ میں شامل رکھا گیا ہے اور گذشتہ 20 سال کے دوران زائد از 10مرتبہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے علی آباد سرائے کے تحفظ کے اقدامات کے اعلانات کئے گئے ہیں تاہم عمل آوری کے معاملہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی جس کے سبب تاریخی اہمیت کا حامل یہ ورثہ تیزی سے تباہی کا شکار ہونے لگا ہے۔ سید علی چبوترہ سے شمشیر گنج جانے والی مصروف ترین سڑک پر موجود مسجد الماس کے زیریں حصہ میں زائد از 80 کمروں کے ساتھ یہ سرائے موجود ہیں جو کہ فی الحال رہائشی نہیں بلکہ تجارتی اداروں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے نامپلی سرائے اور شیخ پیٹ سرائے کے تحفظ اور ان کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کا 2012اور پھر سال 2017کے علاوہ 2019میں بھی علی آباد سرائے کی تزئین نو اور آہک پاشی کے اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب تک اس سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ سال 2012میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے علی آباد سرائے کو منہدم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا لیکن اس وقت تاریخی عمارتو ںکے تحفظ کرنے والے جہدکاروں کی جانب سے توجہ دہانی کے بعد اس بات کا اعلان کیا گیاتھا جی ایچ ایم سی علی آباد سرائے کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے چارمینار سے فلک نما کی اس مصروف ترین سڑک پر موجود علی آباد سرائے کے تحفظ کے علاوہ تزئین نو کے اقدامات کرے گی ۔ نامپلی سرائے ‘ شیخ پیٹ سرائے کے علاوہ شہر حیدرآباد میں کئی سرائے موجود تھے جن میں جامع مسجد افضل گنج سرائے ‘ مسجد میاں مشک سرائے کے علاوہ بوہرہ سرائے حسینی علم میں موجود ہیں لیکن اب میاں مشک سرائے جو کہ پرانا پل میں موجود ہے وہ بھی تجارتی مراکز میں تبدیل ہوچکے ہیں اور جامع مسجد افضل گنج سرائے بھی تجارتی ادارو ںمیں تبدیل کئے جاچکے ہیں۔ M
اسی طرح علی آباد سرائے بھی تجارتی مراکز میں تبدیل ہوچکے ہیں لیکن ا ن کے تحفظ کے ذریعہ اس تاریخی ورثہ کو قابل دید بنانے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔M