علی گڑھ میں انسانیت کو شرمسار کردینے والا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ ایک ڈھائی سال کی بچی کا قتل کردیا گیا ۔ تاہم پولیس کا دعوی ہے کہ بچی کی آبروریزی نہیں ہوئی ہے ، لیکن اس واقعہ کے بعد ملک کے کونے کونے میں غم و غصہ ہے اور ملزمین کو سخت سزا دئے جانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ بالی ووڈ ستارے بھی اس معاملہ میں خاموش نہیں رہے اور اس سنگین جرم کے قصوروار کو پھانسی دئے جانے کا مطالبہ کیا ۔
ایسے میں جہاں ایک طرف بالی ووڈ کے مشہور ستارے ملزمین کیلئے سخت سزا کا مطالبہ کررہے ہیں وہیں اداکارہ سونم کپور نے بھی اپنے ٹویٹر پر علی گڑھ کے اس قتل کیس کے بارے میں ٹویٹ کیا ، لیکن سونم اس ٹویٹ کو کرنے کے بعد پھنستی نظر آرہی ہیں ۔ دراصل ان کے اس ٹویٹ پر سوشل میڈیا پر یوزرس انہیں ٹرول کررہے ہیں۔
دراصل سونم کپور نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بچی کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا وہ انتہائی بھیانک اور دل دکھانے والا ہے ۔ میں اس کے اہل خانہ اور اس کیلئے دعا کروں گی ۔ ساتھ ہی سونم نے یہ بھی لکھا کہ میں لوگوں سے درخواست کرتی ہوں کہ اس کو اپنا پرسنل ایجنڈہ نہ بنائیں ۔ یہ ایک چھوٹی بچی کے قتل کا معاملہ ہے اور اس کو نفرت پھیلانے کیلئے استعمال نہ کریں ۔
اس کے بعد اب سونم کپور کو ٹرول کیا جارہا ہے ۔ یوزرس کا کہنا ہے کہ ہندو ہونے میں شرم آرہی تھی ؟ اب مسلم ہونے پر شرم نہیں آرہی ؟ ، اس لئے بول رہی ہیں کہ بات کو دبا دو۔