علی گڑھ میں کمسن کشمیری طالب علم کی پُراسرار گمشدگی ، نیشنل کانفرنس کو تشویش

   

سری نگر: نیشنل کانفرنس نے بہوری پورہ سوپور سے تعلق رکھنے والے طالب علم کے علی گڑھ میں پُراسرار طور پر لاپتہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیاہے اور ایل جی انتظامیہ کے علاوہ علی گڑھ پولیس سے بھی اپیل کی ہے کہ مذکورہ طالب علم کی بازیابی کو یقینی بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق نے اس سلسلے میں علی گڑھ پولیس کے اعلیٰ حکام کیساتھ رابطہ کیا اور انہیں کمسن طالب علم مسرور عباس میر کی بازیابی کی اپیل کی۔ علی گڑھ پولیس کے ایس پی نے تنویر صادق کو یقین دہانی کرائی کہ پولیس طالب علم کی بازیابی کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے ایس پی کا شکریہ اداکیا اور بازیابی کی کوششوں میں سرعت لانے کی اپیل کی کیونکہ مذکورہ طالب علم کے والدین زبردست پریشانیوں میں مبتلا ہیں ۔ ادھر پارٹی کے شمالی زون صدر جاوید احمد ڈار نے مسرور کے رشتہ داروں کیساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں حوصلہ دیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اس کی بازیابی کیلئے علی گڑھ کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔