عمارتوں میں آگ پر قابو پانے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات ضروری

   

وزیر داخلہ محمود علی نے سواپنا لوک کامپلکس کا معائنہ کیا، گاندھی ہاسپٹل میں زخمیوں کی عیادت
حیدرآباد۔17۔مارچ (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سکندرآباد کے سواپنالوک کامپلکس میں آتشزدگی واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے 6 نوجوانوں کی موت پر اظہار رنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت پسماندگان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر داخلہ محمود علی نے وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو کے ہمراہ گاندھی ہاسپٹل میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹرس کو بہتر علاج کے سلسلہ میں ہدایات دیں۔ دونوں وزراء نے سواپنا لوک کامپلکس کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پانچویں منزل سے آگ شروع ہوئی اور چھٹی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھواں اور آگ کے شعلوں کو دیکھ کر کئی افراد جان بچانے کیلئے عمارت سے کود پڑے اور زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کا گاندھی ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آگ کی وجہ شاٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔ محکمہ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی کامپلکس یا عمارت میں رہائش اور کاروبار سے قبل فائر ڈپارٹمنٹ کی اجازت اور آتش فرو آلات کی تنصیب کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ سواپنا لوک کامپلکس میں 6 نوجوان فوت ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے مہلوکین کے پسماندگان کیلئے 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ زخمیوں کا بہتر سے بہتر علاج کریں۔ اس موقع پر میئر حیدرآباد جی وجیا لکشمی، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسز ناگی ریڈی ، ڈی سی پی نارتھ زون سنیل دت اور زونل کمشنر سرینواس ریڈی موجود تھے۔ر