عمارتوں کی تعمیری اجازت اور لے آؤٹ کی منظوری کیلئے نیا سسٹم متعارف

   

’’ بلڈ ناؤ ‘‘ کے تحت منظوری کی مدت میں کمی، ریاستی وزیر سریدھر بابو نے آغاز کیا
حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے عمارتوں کی تعمیری اجازت اور لے آؤٹ کی منظوری کیلئے نیا سسٹم ’’ بلڈ ناؤ‘‘ متعارف کیا ہے جو موجودہ TGbpass کی جگہ لے گا۔ نئے سسٹم کے تحت درخواستوں کی جانچ کی مہلت کو دو سے 30 دن کے بجائے صرف 5 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے ’’ بلڈ ناؤ‘‘ اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تعمیری اجازت ناموں اور لے آؤٹ کی منظوری کی درخواستوں کی جانچ اندرون پانچ منٹ مکمل کرلی جائے گی۔ نئے سسٹم پر یکم فروری 2025 سے عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئے سسٹم کے نتیجہ میں درخواستوں کے ادخال کے وقت میں ہفتوں کے بجائے گھنٹوں کی کمی کردی گئی ہے۔ چھوٹی اور اوسط عمارتوں کے اجازت نامے 21 دن کے بجائے 15 دن میں دیئے جائیں گے۔ آکوپینسی سرٹیفکیٹ کی اجرائی 15 دن کے بجائے 10 دن میں ہوگی۔ سریدھر بابو نے کہا کہ’’ بلڈ ناؤ ‘‘ سسٹم سے نہ صرف تیز رفتار منظوری ہوگی بلکہ اسنادات اور دستاویزات کی جانچ کے وقت میں کمی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نئے سسٹم سے ہم آہنگ کرنے کیلئے آرکیٹکٹس، سرکاری عہدیداروں اور ریسیڈنٹ ویلفیر اسوسی ایشنوں کیلئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ نئے سسٹم سے ریاست میں نہ صرف رئیل اسٹیٹ کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو اپنے مکانات کی اجازت کیلئے دفاتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ سریدھر بابو نے کہا کہ نئے سسٹم کو RERA قانون سے مربوط کیا جائے گا۔ ’’ بلڈ ناؤ‘‘ کے تحت سنگل یونیفائیڈ پورٹل کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے سسٹم کو عصری ٹکنالوجی سے مربوط کیا گیا ہے اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔1