ڈبل بیڈ روم اسکیم کے فلیٹ پر کام کے دوران کیسرا میں حادثہ
حیدرآباد ۔ /31 جنوری (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کے علاقے کیسرا میں پیش آئے ایک واقعہ میں سرکاری اسکیم کے تحت تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈروم فلیٹ کی عمارت سے گرنے کے نتیجہ میں 5 مزدور برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور عمارت میں کام میں مصروف تھے ۔ تفصیلات کے بموجب بہار سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ سبالے رائے ، 27 سالہ سائی سلیکھ ، 26 سالہ ابھیجیت رائے ، 20 سالہ یش کمار اور 22 سالہ شیخ ملن جن کا تعلق بہار سے ہے کنٹراکٹ پر ڈبل بیڈروم کی تعمیر کیلئے ملازمت حاصل کی تھی ۔ آج زیرتعمیر عمارت کی دسویں منزل سے مذکورہ پانچ مزدور وہاں سے گرپڑے جس کے نتیجہ میں ان کی موت واقع ہوگئی ۔ اس واقعہ کے بعد زیرتعمیر عمارت میں موجود دوسرے مزدور برہمی کی عالم میں کنٹراکٹر کے دفتر میں گھس پڑے اور اس واقعہ پر اپنا احتجاج ظاہر کرتے ہوئے وہاں پر توڑ پھوڑ کردیا ۔ مزدوروں کے احتجاج کے بعد وہاں کشیدگی پیدا ہوگئی اور کیسرا پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ گئی اور حالات کو قابو میں کرلیا ۔ پولیس کیسرا نے مہلوکین کی نعشوں کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ بلڈنگ کنٹراکٹر کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔