عمان میں خانگی تربیت کےقوانین میں مزید سختی

   

مسقط، 23ستمبر (یو این آئی) عمان میں وزارت محنت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں تمام نجی تربیتی سرگرمیوں پرائیویٹ ٹریننگ کے قوانین کو مزید سخت کردیا گیا ہے ۔ اس میں تربیتی پروگرام، کورسز، ورکشاپس، اور اسی طرح کی سرگرمیاں شامل ہیں جو ذاتی طور پر یا عملی طور پر کی جاتی ہیں۔ وزارت کے مطابق، اس طرح کی سرگرمیاں پرائیویٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز کے ڈائریکٹوریٹ جنرل سے لائسنس اور سرکاری منظوری حاصل کیے بغیر نہیں کی جاسکیں گی۔ رپورٹس کے مطابق یہ اقدام وزارتی فیصلہ نمبر (2021/40)کے مطابق ہے جو پرائیویٹ ٹریننگ کی تنظیم کو منظم کرتا ہے اور شاہی فرمان نمبر (2024/61) جس نے پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے کو وزارت محنت کو منتقل کردیا ہے ۔ وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ لائسنس کے بغیر پرائیویٹ ٹریننگ قانون کی خلاف ورزی شمار ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، وزارت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد معیار اور منظور شدہ معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانا ہے ۔