عمان کی ایک مسجد میں فائرنگ ، 6 افراد جاں بحق

   

جدہ: خلیجی ملک عمان کی ایک مسجد میں فائرنگ کے واقعہ میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہو گئے ہیں۔ پیر کو رات دیر گئے یہ حملہ دارالحکومت مسقط کے مشرق میں واقع ضلع وادی الکبیر میں شیعہ مسلمانوں کی ایک بڑی مذہبی تقریب کے دوران ہوا۔جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والی ویڈیو میں لوگوں کو امام علی مسجد کے قریب سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اس کا مینار دکھائی دے رہا ہے، پاکستانی اور عمانی حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 4 پاکستانی اور ایک ہندوستانی اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں اور کم از کم 28 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔عمانی پولیس نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ حملے میں ملوث تین بندوق بردار مارے گئے اور پولیس افسران نے گولی سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار مکمل کر لیا ہے۔حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے بھی قبول نہیں کی۔ پاکستانی سفارتخانہ کے مطابق حملے میں غلام عباس، حسن عباس، سید قیصر عباس اور سلیمان نواز جاں بحق ہوئے۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ حکومت عمان نے حملہ آوروں کو بے اثر کر دیا ہے۔ پاکستان اس بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔