عمران خان آج لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے

   

اسلام آباد : صدر نشین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی سازش کے تحت بڑے بڑے ڈاکوؤں کو اکھٹا کردیا گیا، یہ بڑے بڑے مافیاز لوگوں کا خون چوستے ہیں، ہم ایک قوم بن کر ان کا مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔ عمران خان جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو باہر آکر سازش کرنے والوں کو بتانا ہے کہ ہم زندہ اور آزاد قوم ہیں۔انہوں نے یہ بات پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میرا گوجرانوالہ اسلام آباد مارچ کے لیے تیار ہے، پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکو ایک طرف کھڑے ہو گئے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 21 سال کرکٹ کھیلی کبھی اسٹیڈیم میں اتنے لوگ نہیں دیکھے، مجھے اندازہ ہی نہیں تھا کہ گوجرانوالہ میں اتنی تعداد میں لوگ ہیں، گوجرانوالہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ سیاست نہیں ہورہی بلکہ انقلاب آرہا ہے، سارا بڑا مافیا، ڈاکو ایک طرف اور قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی ہے، بڑے ڈاکو، مافیاز کرپٹ سسٹم کے ذریعے لوگوں کا خون چوستے ہیں، ہم اس مافیا اور ڈاکوؤں کا مقابلہ کریں گے اور انہیں بری طرح شکست دیں گے۔