لندن : نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے پاکستانی وزیر اعظم کے نام اپنے ایک مکتوب میں افغان پناہ گزینوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اس بحران کا حل نکالا جائے۔پاکستان سے تعلق رکھنے والی نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف نے افغانستان کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ملالہ نے ایک برطانوی نشریاتی ادارے کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ وہ بالخصوص عورتوں اور لڑکیوں کے تحفظ کے بارے میں فکرمند ہیں۔ انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ صورتحال میں بہتری کے لیے فوراً اقدامات کیے جائیں۔تیئس سالہ ملالہ یوسف زئی کو 2012ء میں پاکستانی طالبان نے نشانہ بنآا تھا۔ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے پر انہیں ان کے آبائی علاقے سوات میں گولی مار کر شدید زخمی کر دیا گیا تھا۔ ملالہ بعد ازاں علاج اور پھر مستقل بنیادوں پر رہائش کے لیے برطانیہ منتقل ہو گئی تھیں۔ انہوں نے معروف زمانہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلسفے، سیاست اور اقتصادیات میں پچھلے سال ڈگری مکمل کی ہے۔