عمران خان اور پوٹن کی ماسکو میں اہم ملاقات

,

   

باہمی ‘علاقائی امور اور یوکرین کے ساتھ کشیدگی پر بات چیت

ماسکو:وزیر اعظم عمران خان اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی جہاں دوطرفہ امور اور علاقائی پیش رفت سے متعلق ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کریملن نے بتایا کہ دونوں قائدین نے دوطرفہ تعاون کے مرکزی پہلووں پر بات چیت کی اور جنوبی ایشیا میں ترقی کے موضوع سمیت خطہ کی صورت حال پر بھی غور کیا۔ اقتصادی اور توانائی کے تعاون بالخصوص پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔دوران ملاقات یوکرین اور روس کے درمیان جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔روسی صدر نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے ظہرانہ بھی دیا۔اس سے قبل کریملن پہنچنے پر روسی صدر نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔یہ 23 سال کے وقفے کے بعد کسی بھی پاکستانی وزیر اعظم کا روس کا یہ پہلا دورہ ہے اور اسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تجدید کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان کل دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچے تھے جہاں روس کے نائب وزیر خارجہ ایگور مورگلوف نے ان کا استقبال کیااور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔