عمران خان جنرل اسمبلی خطاب میں مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر بھی اٹھائیں گے۔ دی ایکسپریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کا جنرل اسمبلی سے خطاب 27 ستمبر کو مقرر ہے۔ رپورٹ میں اندرونی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہیکہ عمران خان نے بیرون ملک موجود پارٹی (پی ٹی آئی) قائدین اور دیگر ارکان کے علاوہ کمیونٹی ارکان اور انسانی حقوق تنظیموں سے بھی اپیل کی ہیکہ نیویارک میں جنرل اسمبلی کے سیشن کے وقت ہندوستان اور وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں۔ دوسری طرف ہندوستان نے بین الاقوامی برادری کو واضح طور پر کہہ دیا ہیکہ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنا ہندوستان کا داخلی معاملہ ہے اور پاکستان کیلئے بھی یہ بہتر ہوگا کہ وہ اس حقیقت سے چشم پوشی نہ کرے اور اسے من و عن قبول کرلے۔ واضح رہیکہ 23 ستمبر کو عمران خان امریکہ کے چار روزہ دورہ پر روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنے ملائشیائی ہم منصب اور دیگر عالمی قائدین سے جنرل اسمبلی سیشن کے پس منظر میں ملاقات کریں گے۔ علاوہ ازیں عمران خان نیویارک میں سکونت پذیر پاکستانی شہریوں اور تاجر برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔