عمران خان دو روزہ دورہ پر ترکی روانہ

   

اسلام آباد۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان آج دو روزہ ترکی کے دورے پر روانہ ہوئے۔ انہیں صدر ترکی رجب طیب اردغان نے ملک کے دورہ کی دعوت دی تھی۔ عمران خان کے ساتھ اس دورہ پر ایک اعلی سطحی وفد بھی ہے جو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر مالیات اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور دیگر پر مشتمل ہے۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عمران خان اردغان سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے۔ عمران خان ترکی تاجرین سے بھی خطاب کریں گے۔ کہا جارہا ہے کہ ا س دورہ سے پاک۔ترکی تعلقات کو ایک نئی جہت حاصل ہوگی۔ خصوصی طور پر معاشیات، تجارت اور کمرشیل ریلیشنز میں بہتری واقع ہوگی۔